ایئرپورٹ سے مسافروں کو لوٹنے والے گروہ کے دو ملزمان کو تھانہ بہادرآباد پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے قبضے سے دو پستول، لوٹے گئے 4 موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق گشت پر مامور پولیس پارٹی نے حیدر علی روڈ پر سدا بہار شادی حال کوکن پارک کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق جوابی فائرنگ سے ملزمان ہیرن ولد ڈیوڈ اور رینی ولد میتھیو زخمی ہوئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، دو پستول بمعہ راؤنڈ، 4 موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کےلیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ برآمدہ موٹرسائیکل کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
ملزمان سے برآمد اسلحہ فارنزک کےلیے بھیجا جارہا ہے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
ملزمان ایئرپورٹ کے راستے پر مسافروں سے بھی لوٹ مار کرتے رہے ہیں۔ ان کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
Comments are closed.