ہزاروں کی تعداد میں حاملہ روسی خواتین ارجنٹینا کا رخ کیوں کر رہی ہیں؟

ارجنٹینا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ارجنٹینا کے حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ چند ماہ میں پانچ ہزار سے زائد حاملہ خواتین ارجنٹینا آئی ہیں جن میں سے 33 تو جمعرات کو ایک ہی فلائٹ میں آیی ہیں۔

ارجنٹینا کے قومی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق نئی آنے والی تمام خواتین حمل کے آخری ہفتوں میں تھیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ خواتین اپنے بچوں کو ارجنٹینا میں جنم دینا چاہتی ہیں تاکہ اُنھیں ارجنٹینا کی شہریت مل سکے۔

حالیہ کچھ عرصے میں ایسی خواتین کی آمد میں اضافہ ہوا ہے اور مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ یوکرین میں جاری جنگ کا نتیجہ ہے۔

قومی ادارہ برائے مہاجرت کی سربراہ فلورینسیا کیریگنانو نے اخبار لا نیسیون کو بتایا کہ جمعرات کو آنے والی ان نئی خواتین میں سے تین کو ’دستاویزات میں مسائل‘ کی وجہ سے ایئرپورٹ پر ہی حراست میں رکھا گیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ان خواتین نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ وہ سیاحت کے لیے ارجنٹینا آئی ہیں۔

’ان کیسز میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ یہاں سیاحت کے لیے نہیں آئی تھیں۔ انھوں نے خود یہ بات تسلیم کی۔‘

اُنھوں نے کہا کہ روسی خواتین چاہتی ہیں کہ ان کے بچوں کو ارجنٹینا کا پاسپورٹ ملے کیونکہ یہ روسی پاسپورٹ کے مقابلے میں زیادہ آزادی فراہم کرتا ہے۔

فلورینسیا کیریگنانو ’مسئلہ یہ ہے کہ یہ خواتین ارجنٹینا آتی ہیں، اپنے بچوں کا بطور ارجنٹینیئن اندراج کروا لیتی ہیں اور چلی جاتی ہیں۔ ہمارا پاسپورٹ دنیا بھر میں اچھی ساکھ رکھتا ہے اور اس کے حامل 171 ممالک میں بغیر ویزا داخل ہو سکتے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

فی الوقت روسی پاسپورٹ دنیا کے صرف 87 ممالک میں بغیر ویزا داخلے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ارجنٹینیئن بچہ ہونے کی صورت میں والدین کے لیے بھی شہریت کا حصول آسان ہو سکتا ہے۔

جمعرات کو حراست میں لی جانے والی تین خواتین کے وکلا نے کہا کہ اُنھیں ’غلط طور پر حراست میں رکھا گیا ہے‘ کیونکہ اُن پر ’جعلی سیاح‘ ہونے کا شک ہے۔ وکیل کرسچن روبیلار نے کہا کہ ’جعلی سیاح‘ کی اصطلاح ہمارے قانون میں موجود ہی نہیں ہے۔‘

حمل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اُنھوں نے مزید کہا کہ ’ان خواتین نے کوئی جرم نہیں کیا، ہجرت کا کوئی قانون نہیں توڑا، اور انھیں غیر قانونی طور پر ان کی آزادی سے محروم کیا جا رہا ہے۔‘

ان خواتین کو بعد میں چھوڑ دیا گیا۔

لا نیسیون نے روسی شہریوں کی ارجنٹینا آمد میں ڈرامائی اضافے کی وجہ یوکرین میں جاری جنگ کو قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ’جنگ اور ملک کے طبی نظام سے بھاگنے کے علاوہ (روسی خواتین کو) جو چیز متوجہ کرتی ہے وہ ارجنٹینا میں بغیر ویزا داخلہ ہے، جبکہ یہاں دواؤں اور ہسپتالوں کا اعلیٰ معیار ہے۔‘

روسی شہریوں کی جانب سے ارجنٹینا میں ’برتھ ٹورزم‘ ایک پرکشش اور مستحکم عمل نظر آتی ہے۔

بی بی سی نے روسی زبان میں ایک ویب سائٹ دیکھی ہے جو ارجنٹینا میں جنم دینے کی خواہشمند خواتین کے لیے کئی پیکجز پیش کرتی ہے۔

اس ویب سائٹ پر موجود پیکجز میں پرسنلائزڈ برتھ پلان، ایئرپورٹ سے پک اپ، ہسپانوی زبان کے کورسز اور ’ارجنٹینا کے دارالحکومت کے بہترین ہسپتالوں‘ میں رہنے پر رعایت بھی شامل ہیں۔

پیکجز ’اکانومی کلاس‘ سے شروع ہوتے ہیں جن کی قیمت پانچ ہزار ڈالر ہے جبکہ ’فرسٹ کلاس‘ کی قیمت 15 ہزار ڈالر ہے۔

ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اس کے بانی سنہ 2015 سے ’برتھ ٹورزم‘ اور مہاجرت میں مدد فراہم کر رہے ہیں اور کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ’100 فیصد ارجنٹینیئن‘ ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ