جمعہ 18؍رجب المرجب 1444ھ10؍فروری 2023ء

ترکیہ میں زلزلہ: پاکستان آرمی نے ملبے سے نکال کر مزید 5 افراد کو بچا لیا

پاکستان آرمی کی ٹیموں نے گزشتہ 72 گھنٹوں میں ترکیہ میں زلزلے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے 5 مزید افراد کو نکال کر زندہ بچا لیا۔

پاکستان آرمی 72 گھنٹوں سے ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروفِ عمل ہے۔

پاک آرمی کی ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کے لیے سب سے پہلے ترکیہ پہنچیں۔

پاکستان آرمی کی ٹیموں نے ترک صوبے ادیامان میں 17 مقامات پر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

پاک آرمی کی ٹیموں نے 41 مزید لاشیں بھی ملبے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کیں۔

پاکستان آرمی نے ملبے تلے دبے 4 افراد کی نشاندہی بھی کی جنہیں لوکل ریسکیو ٹیموں نے بچا لیا۔

ریسکیو ورک اور لوگوں کو ملبے سے زندہ نکالنے پر ترک عوام پاک فوج کی خدمات کے معترف ہو گئے۔

پاکستان فوج کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں امدادی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرُعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے 18 ہزار 342 جبکہ شام میں 3 ہزار 377 اموات ہو چکی ہیں۔

ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے بعد اب بھی ملبے تلے زندگی کی تلاش جاری ہے،حاطے میں 90 گھنٹوں بعد 10 روزہ نومولود اور اس کی ماں کو ریسیکو کر لیا گیا۔

زلزلے سے متاثر ہونے والوں کے اہلِ خانہ اور رشتے دار ابھی تک اپنے پیاروں کی راہ تک رہے ہیں۔

زلزلہ متاثرین کو پانی اور خوراک کی کمی کا سامنا ہے، عالمی اداروں اور مختلف ملکوں کی جانب سے امداد کی فراہمی جاری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے پھنسے اور بنیادی ضرورتوں سے محروم افراد کے لیے زندہ رہنے کا وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔

ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان کی 1122 ریسکیو ٹیم بھی خدمات انجام دے رہی ہے جس نے گزشتہ 82 گھنٹوں میں ملبے میں دبے 3 افراد کو زندہ نکال لیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.