کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں 13 سال کا گھریلو ملازم بچہ تشدد سے جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مبینہ واقعے کی ذمے دار مالکن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مبینہ مقتول بچے کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ میرے 3 بیٹے گلشنِ اقبال کے گھر میں کام کرتے تھے، گھر کی مالکن تینوں بیٹوں پر تشدد کرتی تھی۔
والد کے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ تھر پارکر کا رہائشی ہوں، کچھ روز قبل فون آیا کہ بیٹا گر گیا ہے، دو روز قبل پتہ چلا بیٹا انتقال کر گیا ہے۔
بچے کے والد کا بیان میں کہنا ہے کہ کراچی پہنچا تو گھر کی مالکن نے قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کرانے سے منع کیا، جس کے بعد میں بیٹے کی لاش اور دونوں بیٹوں کو ساتھ لے کر تھر پارکر روانہ ہو گیا۔
مبینہ مقتول بچے کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ بیٹے کی تدفین کے بعد معلوم ہوا کہ مالکن تشدد کرتی تھی، دوسرے بیٹے کے جسم پر بھی تشدد کے نشان ہیں۔
Comments are closed.