نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ آٹھویں امن مشق 2023ء میں تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
پاک بحریہ کے زیر اہتمام بحری مشق امن 2023ء آج سے آغاز ہو گیا، آٹھویں امن مشق 2023ء کے حوالے سے نیول چیف نے کہا ہے کہ میری ٹائم سیکیورٹی کو غیر روایتی خطرات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی نے سمندری ماحول پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، پاک بحریہ خطے میں مشترکہ بحری سیکیورٹی کو فروغ دے رہی ہے۔
نیول چیف نے مزید کہا ہے کہ امن مشق میں دنیا کے تمام خطوں کی اقوام کے پرچم دیکھ کر فخر محسوس کرتے ہیں، مشق کے لیے لہراتے پرچم امن کے لیے متحد ہونے کا پیغام ہے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا یہ بھی کہنا ہے کہ امن مشق کی تعمیری کوشش ہمارے عزم کو ثابت کرتی ہے، اس مشق سے تمام شرکاء کو سمندر میں امن کے لیے مشترکہ فوائد حاصل ہوں گے۔
پاک بحریہ کے زیر اہتمام آٹھویں کثیرالقومی بحری مشق امن کا آغاز شریک ممالک کی پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔
مشق میں مختلف ممالک کے بحری اثاثے، مبصرین اور سینئر افسران شریک ہیں۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے امن مشق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے ترکیہ اور شام کےواقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکیورٹی تمام ملکوں کے لیے بہت اہم ہے، امن مشق کا مقصد دوستی اور پارٹنرشپ کو فروغ دینا ہے۔
وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کہا کہ بحری سیکیورٹی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا، میری ٹائم سیکیورٹی کو غیر روایتی خطرات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم سب سے پہلے سمندروں سے تجارت پر انحصار کرتے ہیں، ہمارا دوسرا انحصار گوادر اور تیسرا ہماری جغرافیائی لوکیشن پر ہے۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کہا کہ ہم مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے پراجیکٹس پر زور دیتے ہیں، امید ہے اس بار کی مشقیں بھی سود مند ثابت ہوں گی، ہم اپنے مہمانوں کی بہتر انداز میں میزبانی کریں گے۔
امن مشق کے حوالے سے وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے یہ بھی کہا کہ امن مشقیں بحری جہاز بنانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں، ان کے دوران فرینڈ شپس، ریلشن شپس بنائے جاتے ہیں، امید ہے اس بار کی مشقیں بھی سود مند ثابت ہوں گی۔
پاک بحریہ کے زیر اہتمام آٹھویں کثیر القومی بحری مشق 14 فروری تک جاری رہے گی، جس میں 50 سے زائد ممالک کے نمائندگان شریک ہیں۔
واضح رہے کہ پہلی کثیر القومی بحری مشق امن 2007ء میں منعقد ہوئی تھی، جبکہ کثیر القومی بحری مشق کا انعقاد ہر 2سال بعد کیا جاتا ہے۔
Comments are closed.