جمعرات 17؍رجب المرجب 1444ھ9؍فروری 2023ء

بے نظیر قتل کیس کا ملزم رفاقت لاپتہ ہو گیا یا اسے کسی نے اٹھا لیا؟ عدالت

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی اپیلوں پر سماعت کے دوران استفسار کیا ہے کہ کیس کا بری ملزم رفاقت لاپتہ ہو گیا ہے یا اس کو کسی نے اٹھایا ہے؟

جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے لاپتہ بری ملزم رفاقت سے متعلق رپورٹ پر سی پی او کو آئندہ تاریخ پر طلب کر لیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان کی حاضری مکمل ہونے کے بعد سماعت ہو گی۔

عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سٹی کی سخت سر زنش کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ ملزم رفاقت کے جاری وارنٹِ گرفتاری کی رپورٹ کہاں ہے؟ رفاقت حسین کے معاملے پر کیا پیش رفت ہوئی؟ تھانہ صدر بیرونی کے ایس ایچ او کدھر ہیں؟ عدالت کے 19 مئی کے احکامات پر عمل درآمد کیوں نہیں کرایا گیا؟

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے کہا کہ اسپیشل بینچ سماعت کر رہا ہے اور کسی کو کیس کی اہمیت کا اندازہ ہی نہیں، ایس ایچ او سٹی کو معاملے اور عدالتی احکامات کا علم ہی نہیں،سی پی او راولپنڈی آئندہ سماعت پر پیش ہو کر بتائیں کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟

واضح رہے کہ عدالتِ عالیہ نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں بُری ملزم رفاقت کے وارنٹٍِ گرفتاری جاری کیے تھے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.