بدھ 16؍رجب المرجب 1444ھ8؍فروری 2023ء

پیٹرول، ڈیزل کے ذخیرہ اندوزوں کو وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کی وارننگ

پیٹرول اور ڈیزل کے ذخیرہ اندوزوں کو وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول ڈیزل ذخیرہ کرنے والوں کے لائسنس کینسل کردیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ریاست جب قدم اٹھائے گی تو پھر آپ لوگ بیٹھ کر پریس کانفرنسز کر رہے ہو گے، پیٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کرنے والے عوام کی نظروں میں اپنی عزت گھٹا رہے ہیں۔

کئی پیٹرول پمپس بند ہوگئے کھلے پیٹرول پمپس پر موٹرسائیکل والوں کو 400 روپے اور کار والوں کو 4 ہزار کے پیٹرول کی راشننگ شروع کردی گئی۔

مصدق ملک نے کہا کہ چند لوگ ہیرا پھیری کر کے پیٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کچھ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے جا رہا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں 20 دن کا پیٹرول موجود ہے، پیٹرول ڈیزل کے ذخیرہ اندوزوں سے درخواست ہے، رک جائیں، ورنہ آپ کا نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، عوام کو گیس اور تیل کی فراہمی میں تسلسل کو یقینی بنا رہے ہیں، حکومت کا کام عوام کیلئے سہولتیں پیدا کرنا ہے، معیشت ترقی کرے گی اور عوام خوشحال ہوں گے۔

 مصدق ملک نے کہا کہ ملک میں 20 دن کا پیٹرول موجود ہے، 29 دن سے زیادہ کا ڈیزل موجود ہے، تیل کی قیمت نہیں بڑھ رہی، ذخیرہ اندوز رک جائیں ورنہ ان کا نقصان ہوگا، تیل کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی منصوبہ نہیں، بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے پر بڑھائی جاتی ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجوہات پر کام مکمل ہوگیا، دو دن میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردوں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.