جمعرات 17؍رجب المرجب 1444ھ9؍فروری 2023ء

زلزلہ زدگان کیلئے وفاقی کابینہ 1 ماہ کی تنخواہ عطیہ کرے گی، وزیرخزانہ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ترکیہ زلزلہ زدگان کیلئے وفاقی کابینہ ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرے گی، زلزلہ متاثرین کیلئے وزیراعظم  نے ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ بھی زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے اپنی تنخواہ کا کچھ حصہ عطیہ کریں گے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ اب زلزلے سے تباہی کے بعد ہمیں اپنے ترک بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے، مخیرحضرات دل کھول کر ترک بہن بھائیوں کیلئے عطیات دیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی مجموعی تعداد 11ہزار 200 سے بڑھ گئی۔

قومی ایئر لائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ امدادی سامان لے کر شام پہنچ گیا۔

دمشق ہوائی اڈے پر شامی حکام اور شام میں پاکستان کے سفیر شاہد اختر نے خصوصی طیارے کا استقبال کیا۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ خصوصی طیارہ شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے 40 ٹن امدادی سامان لے کر پہنچا ہے، بیشتر امدادی سامان خیموں اور کمبلوں پر مشتمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعے کو پاکستان سے دوسرا خصوصی طیارہ مزید امدادی سامان لے کر شام پہنچے گا۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی سامان کی دوسری کھیپ غذائی اور طبی سامان پر مشتمل ہوگی۔

سفیر نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام مصیبت کی گھڑی میں اپنے شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.