لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دے دیا۔
لاہورکی احتساب عدالت میں شہباز شریف کے خاندان کےخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت نیب نے بیان میں کہا کہ ترامیم کی روشنی میں ہمیں ہارون یوسف کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔
شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کے وکیل امجد پرویز نے نیب کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ واضح بات بتائیں۔
جواب میں نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ چیئرمین نیب نےابھی وارنٹِ گرفتاری منسوخ نہیں کیے، لیکن ہارون یوسف کی گرفتاری بھی مطلوب نہیں۔
ہارون یوسف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ اسے بحث کے لیے رکھ لیں۔
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ نیب نے ابھی تلوار لٹکائی ہوئی ہے۔
نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ پہلے ہم نے ملزم ہارون یوسف کا کردار بے نامی دار لکھا تھا، ترمیمی قانون کے تحت نئی رپورٹ 17 فروری تک دینی ہے۔
لاہورکی احتساب عدالت نے ریفرنس کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.