پیر 14؍رجب المرجب 1444ھ6؍فروری 2023ء

کراچی پولیس کی شیخ رشید سے اڈیالہ جیل میں تفتیش

سابق وفاقی وزیرِ داخلہ، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد سے کراچی پولیس نے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی ہے۔

کراچی میں شیخ رشید کے خلاف ایف آئی آر کٹنے کے معاملے پر کراچی کے تھانہ موچکو کے تفتیشی افسر ٹیم کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچے۔

جیل ذرائع کے مطابق تھانہ موچکو کراچی کے تفتیشی افسر ٹیم کے ہمراہ شیخ رشید سے ملے۔

اڈیالہ جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کراچی پولیس کو شیخ رشید سے تفتیش کی اجازت دی گئی۔

جیل ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کراچی پولیس نے شیخ رشید سے تفتیش کی جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئی۔

واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے کراچی پولیس کی راہداری ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

عدالت نے کراچی پولیس کے تفتیشی افسر کو اڈیالہ جیل میں ہی شیخ رشید سے تفتیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف کراچی کے موچکو تھانے میں مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا تھا اور موچکو تھانے کی پولیس کی ٹیم شیخ رشید کو گرفتار کرنے اسلام آباد پہنچی تھی۔

کراچی میں شیخ رشید کے خلاف ایف آئی آر پیپلز پارٹی پی ایس 112 کے سینئر نائب صدر خدا بخش نے درج کرائی تھی۔

سابق وفاقی وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے گرفتار سربراہ شیخ رشید کے خلاف کراچی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ کراچی پولیس کی ٹیم انہیں گرفتار کرنے اسلام آباد پہنچ گئی۔

شیخ رشید کے خلاف ایف آئی آر چیئرمین پیپلز پارٹی، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے الزام کے تحت درج کی گئی۔

شیخ رشید کے خلاف مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506/504/500/153 کے تحت درج کیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.