منگل یکم ؍رجب المرجب 1444ھ24؍جنوری2023ء

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کا ڈالر ریٹ کیپ ختم کرنے کا فیصلہ

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن نے ڈالر ریٹ کیپ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن اجلاس میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے بھاؤ پر لگا کیپ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنرل سیکریٹری ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ظفر پراچہ نے جیونیوز کو بتایا کہ ڈالر کیپ کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا گیا تھا لیکن اس کے نتائج غلط آرہے ہیں، مارکیٹ میں مصنوعی طلب تھی۔

ظفر پراچہ نے مزید کہا کہ لوگ ہم سے ڈالر خرید کر گرے مارکیٹ میں فروخت کررہے تھے، گرے مارکیٹ دن بدن اوپن مارکیٹ کا کاروبار اپنی جانب منتقل کررہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کیپ ریٹ 240 روپے ہے جبکہ ڈالر کا روپے کے مقابلے حقیقی شرح تبادلہ 250 روپے سے زائد ہے۔

جنرل سیکریٹری ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن نے یہ بھی کہا کہ کیپ ہٹانے سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ بڑھے گا، ڈالر بیچنے والے کو اچھا ریٹ ملے گا تو وہ ہمارے پاس واپس آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر ہم سے خرید کر گرے مارکیٹ میں بیچنے والےبھی کٹ جائیں گے، کل سے فیصلے پر عمل درآمد ہوگا اور ضرورت کے مطابق نوک پلک رہے گی۔

ظفر پراچہ نے کہا کہ کیپ کرنے کا فیصلہ ہمارا تھا اسے ختم کرنے کا فیصلہ بھی ہمارا اپنا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.