منگل یکم ؍رجب المرجب 1444ھ24؍جنوری2023ء

دونوں گورنر آئین سے بغاوت کررہے ہیں، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دونوں گورنر اور الیکشن کمیشن آئین سے بغاوت کر رہے ہیں۔

زمان پارک لاہور میں حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت آئینی سیٹ اپ نہیں چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہے، پارلیمان کی 65 فیصد نشستیں اس وقت خالی ہیں، عدلیہ سے کہتا ہوں اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے اسپیکر کی رولنگ پر فیصلے کے باعث یہ بحران آیا، عدالت عظمیٰ اسپیکر کی رولنگ مسترد نہ کرتی تو الیکشن ہوچکے ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا قومی اسمبلی میں واپسی کا مقصد اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو ہٹانا تھا، جیسے ہی ہم نے اس حوالے سے اعلان کیا ہمارے استعفیٰ منظور ہونے لگے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی سی ہوگئی ہے، جسے حکم دیا جاتا ہے کہ محسن نقوی وزیراعلیٰ ہوگا اور وہ سائن کردیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ اتنے بے بس ہیں تو گھر جاکر بیٹھیں، رجیم چینج میں ملوث لوگوں کو عوام معاف نہیں کریں گے، پاکستان کے عوام اس ظلم کو معاف نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نگراں حکومت میں جو لوگ لگ رہے ہیں آپ یہاں تین ماہ یا سال کے لیے ہیں، لیکن ہم آپ کا پیچھا تب تک کریں گے جب تک قرار واقعی سزا نہ مل جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے 25 مئی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ان کو واپس لایا جارہا ہے، لگتا ہے کہ پی ڈی ایم اور مقتدر حلقوں کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایک ہفتہ ہوگیا، گورنر پنجاب اور خیبر پختوںخوا انتخابات کی تاریخ نہیں دے رہے، دونوں گورنر آئین کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے اور نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے خلاف عدالت جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ تو ایک چہرہ ہے، پیچھے تو کوئی اور ہے، ملک کو عدم استحکام سے نکالنے کےلیے فوری شفاف انتخابات ہی واحد راستہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کل سے بجلی بند ہے، وزیر توانائی کبھی ایک تو کبھی دوسری دکان پر پائے کھانے جاتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.