جمعہ27؍جمادی الثانی 1444ھ20؍جنوری 2023ء

آج ملک میں روٹی مہنگی ہے تو عمران پراجیکٹ کی وجہ سے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 4 سال میں عمران پروجیکٹ نے ملک کا معاشی دیوالیہ نکالا اور نوجوانوں کو بےروزگار کیا۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو پروجیکٹ عمران سے پاک کرنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کو سب سے بڑے فارن ایجنٹ فتنے اور مافیا سے نجات دلائی، ہمیشہ ملک اور معیشت کو مشکلات سے نکالا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران پروجیکٹ نے ملک کو معاشی دیوالیہ کی طرف دھکیلا، آج ملک میں مہنگائی، معاشی تباہی اور سیاسی عدم استحکام عمران پروجیکٹ کی وجہ سے ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران پروجیکٹ نے 4 سال عوام کو غربت، مہنگائی کی چکی میں پیسا، آٹا، چینی، دالیں اور تیل مہنگا کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج ملک میں روٹی مہنگی ہے تو عمران پراجیکٹ کی وجہ سے، چار سال میں ملک کو دہشت گردی دی اور ترقی روک دی۔

انہوں نے کہا کہ آج سخت شرائط والا آئی ایم ایف کا پروگرام عمران پروجیکٹ کا عوام کو دیا تحفہ ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج ملک میں مہنگی بجلی اور گیس عمران پروجیکٹ کی وجہ سے ہے، 4 سال تباہی مچا کر مہنگائی کا طوفان لا کر آج الیکشن، الیکشن کی رٹ لگا کر کیا ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018 میں ملک کو تاریخی معاشی استحکام اور عوام کو سستی روٹی، چینی، آٹا، بجلی، گیس اور پیٹرول دے کر گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018 میں نوجوانوں کو روزگار، ملک کو ترقی، سی پیک اور 14 ہزار میگاواٹ بجلی دے کر گئی تھی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ن لیگ ملک کو تاریخی 6.2 فیصد ترقی اور آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کر کے دے کر گئی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.