عرب ملک مراکش اور اسرائیل کے درمیان عسکری تعاون اور تربیت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مراکش کے دارالحکومت رباط میں 16 اور 17 جنوری کو مراکش اسرائیلی دفاعی تعاون کی مانیٹرنگ کمیٹی کی پہلی ملاقات ہوئی۔
مراکش کی شاہی مسلح افواج کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یہ ملاقات شاہ محمد ششم کی ہدایات کے تناظر میں ہوئی۔
مراکشی فوج کے آئی جی لیفٹیننٹ جنرل بالخیر الفاروق نے اسرائیلی وزارت دفاع کے دفتر برائے سیاسی و عسکری امور کے ڈائریکٹر درور شلوم کے ساتھ ملاقات کی۔
اس موقع پر مختلف شعبوں میں دو طرفہ عسکری تعاون بالخصوص لاجسٹکس، ٹریننگ اور سامانِ حرب میں جدید تبدیلی لانے کیلئے بات چیت کی گئی۔
عسکری حکام نے فوجی تعاون مضبوط کرنے اور انٹیلیجنس، ایئر ڈیفنس اور الیکٹرانک وارفیئر میں تعلقات کو وسعت دینے پر غور کیا گیا۔
جنرل الفاروق نے کہا کہ اسرائیل اور مراکش کا عسکری تعاون مشترکہ اعتماد اور حمایت پر مبنی ہے۔
قبل ازیں جولائی 2022 میں اسرائیل کے آرمی چیف اویف کوخاوی نے شمالی افریقی ریاست کا اعلیٰ سطح کا دورہ کیا تھا۔
24 نومبر 2021 کو مراکش اور اسرائیل نے دفاعی شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دسمبر 2020 میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔
Comments are closed.