اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کے ضمنی انتخابات میں تمام سات حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ عمران خان نے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے سات حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک رکھا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے جاری مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے انتخابی اخراجات کی تفصیل تاخیر سے جمع کروانے کے معامہ پر درگزر کیا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی سات حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفکیشن کرنے کی استدعا منظور کر لی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔ واضح رہے کہ عمران خان نے این اے22، این اے24،این اے 31،این اے 108، این اے118،این اے 239اوراین اے 45میں انتخابی اخراجات کی تفصیل الیکشن کمیشن جمع نہیں کروائی تھی۔ الیکشن کمیشن نے 20دسمبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو جمعرات کے روز پڑھ کر سنایا گیا اورقراردیا گیا کہ اس معاملہ سے درگزر کیا جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بروقت انتخابی اخراجات کی تفصیل فراہم نہ کرنے پر عمران خان کو نوٹس جاری کیا تھا۔
گزشتہ سماعت پر عمران خان کے وکیل بیرسٹرعلی گوہر نے پیش ہر کر بتایا تھا کہ عمران خان زخمی ہیں اوران کے ساتھ ایک حادثہ پیش آیا تھا اس لئے وہ بروقت انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع نہیں کرواسکے۔ واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017کے تحت کسی بھی حلقہ سے کامیاب ہونے والے امیدوارپر لازم ہے کہ وہ تین روز اندر انتخابی اخراجات کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جس کے بعد الیکشن کمیشن امیدوارکی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرتا ہے۔ ZS
Comments are closed.