بدھ 25؍جمادی الثانی 1444ھ18؍جنوری 2023ء

ہاشم آملہ کا ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

تین سال قبل انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے جنوبی افریقہ کے اسٹار کرکٹر ہاشم آملہ نے اب ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ 

کرک انفو کے مطابق ہاشم آملہ انگلش کاؤنٹی سرے سے کھیل رہے تھے، تاہم اب انہوں نے کاؤنٹی کو تصدیق کی ہے کہ وہ ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ 

ہاشم آملہ نے کہا کہ میری اوول کے میدان میں خوشگوار یادیں ہیں، بطور کھلاڑی اسے خیرباد کہنا مجھے مزید مشکور بناتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں سپورٹ کرنے پر ایلک اسٹیورٹ، سرے کے اسٹاف اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔   

ہاشم آملہ نے سرے ٹیم کے مزید کامیابیوں اور بہترین مستقبل کے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ 

خیال رہے کہ اپنے کیریئر کے دوران ہاشم آملہ نے ہر طرز کی کرکٹ میں مجموعی طور پر 34 ہزار 104 رنز بنائے۔ 

ہاشم آملہ نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 264 میچز کھیلے اور 19 ہزار 521 رنز بنائے۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کرنے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

39 سالہ ہاشم آملہ نے 124 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی جس میں اُنہوں نے 46 اعشاریہ 64 کی اوسط سے 9 ہزار 82 رنز بنائے جس میں 28 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ 

وہ جیک کیلس کے بعد اس فارمیٹ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کرنے والے بیٹر ہیں۔

ہاشم آملہ کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور 311 رنز ناٹ آؤٹ ہے جو اُنہوں نے 2012 میں انگلینڈ کے خلاف اوول میں بنایا تھا اور یہی ان کا فرسٹ کلاس کرکٹ کا بھی سب سے بڑا اسکور ہے۔

وہ ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے جنوبی افریقہ کے پہلے بیٹر بھی ہیں۔

خیال رہے کہ ہاشم آملہ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان تین سال قبل کیا تھا۔ 

ہاشم آملہ نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 18 ہزار 672 رنز اسکور کیے۔

اُنہوں نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 181 ون ڈے بھی اور 44 ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.