پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن سے نااہلی کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن واپس لینے کےلیے متفرق درخواست جمع کرا دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن واپسی لینے کی درخواست جمع کروائی۔
عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف پٹیشن میں فل بینچ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر کا فیصلہ چیلنج کیا گیا، وہیں پارٹی صدارت سے ہٹانے کی الیکشن کمیشن کی کارروائی بھی چیلنج ہے۔
درخواست کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کا فل بینچ دونوں درخواستوں سے متعلق تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔
درخواست کے متن کے مطابق اس عدالت میں صرف 21 اکتوبر کے الیکشن کمیشن فیصلے کو چیلنج کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ میں فل بینچ بننے کے بعد اس عدالت سے درخواست واپس لینے کی استدعا ہے۔
توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک ہی معاملہ دو مختلف عدالتوں میں چیلنج کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن عدالت سے چھپانے پر عدالت نے گزشتہ سماعت پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ بیرسٹر علی ظفر جیسے سینئر وکیل سے اس کنڈکٹ کی توقع نہیں تھی۔
عدالت نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن کو چھپانے سے متعلق کل جواب طلب کر رکھا ہے۔
Comments are closed.