منگل24؍جمادی الثانی 1444ھ17؍جنوری2023ء

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر کو بھیج دی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبائی اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر کو بھیج دی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اسمبلی توڑنے سے متعلق ویڈیو بیان  میں کہا کہ ملکی مفاد میں خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب کی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے 2 نام گورنر بلیغ الرحمان کو بھجوادیے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔

محمود خان نے مزید کہا کہ 48 گھنٹوں میں دستخط نہ کرنےکی صورت میں اسمبلی از خود ٹوٹ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے وعدہ کیا تھا آج رات 10 بجے صوبائی اسمبلی تحلیل کی سمری پر دستخط کردوں گا، سمری پر دستخط کرکے گورنر کو بھیج دی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خان صاحب کے وژن اور حکم کے مطابق سوا چار سال تک خیبرپختونخوا میں حکومت کی، جو ہم سے ہو سکا اپنے لوگوں کے لیے کیا۔

محمود خان نے کہا کہ انشاء اللّٰہ اسمبلی تحلیل ہوجائے گی اور 90 دن کے اندر الیکشن ہوں گے، انشاء اللّٰہ دوبارہ جیت کر دو تہائی اکثریت سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک میں حکومت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر بنائیں گے، ہم لوگوں سے کیے گئے وعدوں پر ڈٹے رہے اور کارکردگی دکھائی، عوام کی بہتری کےلیے ہر کوشش میں اللّٰہ تعالیٰ نے کامیاب کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جو سمجھتے تھے کہ ہم ایڈوائس نہیں بھجوائیں گے یہ ان کی بھول تھی، خیبرپختونخوا میں امپورٹڈحکومت کی اپوزیشن کو بتانا چاہتا ہوں میں نےکسی کو پیغام نہیں بھیجا، نہ کسی کو پیغام بھجواؤں گا، خان صاحب کہیں گے تو اپنی جانیں بھی قربان کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی تحلیل عمران خان کا حکم تھا جو سر آنکھوں پر، پورے خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں، پاکستان زندہ باد۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.