پیر23؍جمادی الثانی 1444ھ16؍جنوری2023ء

منسوخ شدہ پرائز بانڈز نقد کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

وفاقی حکومت نے ساڑھے 7 ہزار روپے، 15 ہزار روپے، 25 ہزار روپے اور 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ کرنے یا کیش کرانے کا عوام کو ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کے لیے آخری تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی۔

اعلامیے کے مطابق اس سے قبل حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم لوگوں کی اکثریت مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل یا کیش نہیں کرا سکی جس کی وجہ سے انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے مذکورہ پرائز بانڈز رکھنے والوں کو ظاہری مالیت پر نقد کرانے، ان بانڈز کی 25 ہزار روپے یا 40 ہزار روپے کے پریمیئم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی، انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنے کے آپشنز دیے گئے ہیں۔

ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023ء تک کیا جا سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق تاریخ ختم ہونے کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں کے پاس اس طرح کے پرائز بانڈ موجود تھے، جن کی ان کیشمنٹ نہیں ہو پا رہی تھی۔

اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ان بانڈز کو رکھنے والے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کو 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کرا لیں۔

اس توسیع شدہ تاریخ کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا اور یہ قابلِ استعمال نہیں رہیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.