آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے امریکا سے قرض کی درخواست کر دی۔
اپٹما کی جانب سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصانات کا معاملے پر خط لکھا ہے، جس میں پاکستان کو کاٹن امپورٹ کے لیے 2 ارب ڈالرز قرض فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اپٹما کے خط میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان میں کاٹن کی پیداوار تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، پاکستان کو بارشوں اور سیلاب کے باعث سالانہ 5 ملین بیلز کا نقصان ہوا اور محض کاٹن کی فصل کو 2 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ جون تا اکتوبر 2022ء سیلاب سے پاکستان میں 1739 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ملک کو 15.2 ارب ڈالرکا معاشی نقصان ہوا۔
اپٹما کی جانب سے لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ کاٹن کی مقامی پیداوار انتہائی کم ہونے سے ٹیکسٹائل سیکٹر شدید مشکلات کا شکار ہے، رواں سیزن کے لیے پاکستان کو 10 ملین کاٹن بیلز امپورٹ کی ضرورت ہے۔
امریکی سفیر کو خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی قرض کی رقم سے لاکھوں لوگوں کا روزگار بچ جائے گا اور پاکستان کا بیلنس آف پیمنٹ بہتر ہو گا۔
Comments are closed.