کراچی میں حوالہ ہنڈی اور کرنسی کا غیر قانونی لین دین کرنے والے ڈیلرز کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے تین سرکلز نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر کے ساتھ مقدمات درج کر لیے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے تین سرکلز کو منی چینجر مافیاز کے خلاف متحرک کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے اسٹیٹ بینک سرکل، اینٹی کرپشن سرکل اور کمرشل بینکنگ سرکلز نے رات گئے کراچی میں کلفٹن، ڈیفنس، صدر، گلشن اقبال، اسکیم 33 اور دیگر علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 7 مقدمات درج کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔
غیر ملکی کرنسی کا لین دین کرنے والے متعدد دفاتر کو سربمہر کردیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی غیرملکی کرنسی میں امریکی ڈالر، ریال، درہم اور پاکستانی روپے شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنسی کا غیر قانونی لین دین کرنے والے ایجنٹوں کےخلاف کارروائی آئندہ دنوں میں بھی جاری رہیں گی۔
Comments are closed.