
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کروانے کے لیے الیکشن کمیشن فوج رینجرز اور پولیس کو ذمہ داری دی جاچکی ہے، اس صورتحال میں الیکشن روکنے کی دھمکی ریاست کے خلاف بغاوت ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ حکومت بلدیاتی الیکشن کروانے کی بات کرتی ہے، دوسری جانب الیکشن نہ کروانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ سی ایم ہاؤس، گورنر ہاؤس اور بہادر آباد دفتر بلدیاتی الیکشن نہ کروانے کی سازش میں شریک ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے خلاف کوئی سازش کراچی کے عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے، چلے ہوئے کارتوس آج کس کے بل بوتے پر الیکشن روکنے کی دھمکی دے رہے ہیں، اگر جرات ہے عوام کے پاس جاؤ، فرار کا راستہ اختیار نہ کرو۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ حکومت اور آرمی چیف ریاست کو دھمکی دینے والوں کا نوٹس لیں، الیکشن کمیشن بھی الیکشن روکنے کی دھمکی دینے والوں کا نوٹس لے۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کراچی کے عوام پر شب خون مارنے کی سازش کر رہے ہیں، ہم بلدیاتی الیکشن ملتوی کروانے کی ہر سازش کے خلاف مزاحمت کریں گے، بلدیاتی الیکشن اپنے وقت پر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی آرڈیننس کے ذریعے بلدیاتی الیکشن روکنے کی سازش کی سخت مزاحمت کی جائے۔ سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن روکنے کی کوشش کراچی کی تعمیر و ترقی روکنے کی کوشش ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوامی رائے کی سروے کے مطابق کراچی کے عوام پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مسترد کر چکے ہیں، الیکشن کمیشن آئین و قانون کے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو نوٹس جاری کرے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ فوج کے اعلیٰ افسران نے کہا تھا کہ فوج کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہے، اب کوئی پارٹی ریاست کو چیلنج کرتی ہے تو فوج کی ذمہ داری ہے کہ ان کے خلاف ایکشن لیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کل اپنے منشور کا اعلان کرے گی اور اپنے لائحہ کا اعلان کرے گی۔
Comments are closed.