متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے تینوں دھڑوں کے سربراہوں کے درمیان پارٹی چلانے کے معاملات طے پاگئے۔
ذرائع کے مطابق مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی اور فاروق ستار آج ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار پریس کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے، دونوں رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس شام 5 بجے ہو گی۔
ذرائع نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تنظیمی اور پارلیمانی سیٹ اپ الگ الگ ہوں گے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ انیس قائم خانی کو تنظیمی امور چلانے کی ذمے داری دیے جانےکا امکان ہے اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں بھی ردوبدل کیا جائے گا، اچھی شہرت کے حامل افراد کو رابطہ کمیٹی میں لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر پر ایم کیو ایم، پاک سر زمین پارٹی اور تنظیم بحالی کمیٹی نے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ ہم نے الیکشن نہیں لڑا تو پھر اس شہر میں کوئی الیکشن نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن غیر قانونی حلقہ بندیوں کا جواب دے اور منصفانہ الیکشن کے اصول طے کرے۔
Comments are closed.