جمعرات 19؍جمادی الثانی 1444ھ12جنوری 2023ء

کراچی، 24 گھنٹوں میں اسٹریٹ کرائم کی 149 وارداتیں

کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسٹریٹ کرائم کی 149 وارداتیں ہوئیں، ملزمان نے شہریوں کو 62 موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلز سے محروم کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے دن بھر کے جرائم پر مبنی رپورٹ پیش کردی ہے۔

وزیراعلیٰ کو آگاہی دی گئی کہ وارداتوں کے دوران 4 کاروں سمیت 61 موٹرسائیکلیں بھی چوری ہوئی ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کے مطابق 149 اسٹریٹ کرائم میں ضلع شرقی میں 46، وسطی 41، کورنگی 21 اور غربی میں 15 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

ضلع ملیر اور سٹی میں 8-8 جبکہ جنوبی اور کیماڑی میں اسٹریٹ کرائم کے 5-5 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کراچی کے ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کی تلاش میں کومبنگ آپریشن کیا ہے جس کے دوران 2 مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹریٹ کرمنلز نے سرجانی پولیس تھانے کی حدود میں ایک شخص سلیمان کو مزاحمت کرنے پر قتل کیا جبکہ مزاحمت پر عظیم نامی کو سپرمارکیٹ پولیس ضلع وسطی کی حدود میں زخمی کیا گیا۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں پولیس نے 5 انکاؤنٹر کئے جس میں 7 اسٹریٹ کرمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

کراچی پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 13 اسٹریٹ کرمنلز واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، اسی طرح ضلع شرقی، کورنگی، غربی اور کیماڑی میں 4 سرچ آپریشن میں مجموعی طور پر 123 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

کراچی پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 30 اسٹریٹ کرمنلز، 2 قاتل، 20 غیرقانونی اسلحہ، 22 منشیات فروشوں اور 48 دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کراچی پولیس نے دن بھر میں 12 کار لفٹرز کو گرفتار کیا، ملزمان کے قبضے سے 18 غیرقانونی پستول، 40 کلو چرس اور 12 چھینے گئے موبائل فون برآمد ہوئے، ملزمان سے 30 مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.