وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حکومت کا نجی بینکوں کے پاس موجود زرِ مبادلہ کے ذخائر استعمال کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کمرشل بینکوں کے پاس غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر شہریوں کی ملکیت ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چند عناصر جان بوجھ کر جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ حکومت کمرشل بینکوں کے زرِ مبادلہ کے ذخائر استعمال کرنا چاہتی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ شہری ایسے پروپیگنڈے کو نظر انداز کر دیں، میں نے اصولوں کی بنیاد پر کہا کہ اسٹیٹ بینک اور نجی بینکوں کے پاس زرِ مبادلہ کے ذخائر قومی ذخائر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے معیشت تباہ کی وہ اس بیان کو غلط رخ دے رہے ہیں۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے، مستقبل قریب میں پاکستان کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
Comments are closed.