جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے جبکہ سرفراز نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمٰن نے سرفراز احمد سے کہا کہ ہم آپ کے پاس تیسری مرتبہ آئے ہیں، جب آپ چیمپئنز ٹرافی جیتے تھے تب ہم آپ کے پاس آئے، ایک مرتبہ آپ ہارے جب کوئی نہیں آیا تب بھی ہم آئے تھے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الحمد لِلّٰہ جس طرح آپ نے کراچی ٹیسٹ میں کارکردگی دکھائی، اللّٰہ تعالیٰ آپ کو بہت ساری خوشیاں دے اور آپ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے۔
جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر نے سرفراز احمد سے کہا کہ آپ نے ہمارے ملک اور شہر کا نام روشن کیا ہے، جس پر آپ مبارک قبول کریں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے سرفراز احمد کو دعا دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ آپ کی پرفارمنس کو بہتر بنائے اور آپ کو مزید عزت سے نوازے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی پاکستا ن کے لیے اچھا پرفارم کرے تو ہمارے لیے یہ خوشی کا مقام ہوتا ہے، آپ ہمارے شہر کی بہت بڑی عزت ہیں۔
ملاقات کے لیے آئے حافظ نعیم الرحمٰن کے ساتھ سرفراز احمد نے سیلفی بھی لی۔
اس موقع پر سرفراز احمد نے حافظ نعیم الرحمٰن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ آتے ہیں اور سپورٹ کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے سرفراز احمد سے اپنی ملاقات کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سرفراز پاکستان اور کراچی کا فخر ہیں، شاباش اور مبارک باد تو بنتی ہے۔
جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر کے ٹوئٹ پر بھی سرفراز احمد نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد نے قومی ٹیم میں واپس آنے کے فوراً بعد نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے 2 ٹیسٹ میچوں میں لگاتار 3 نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کی تھی۔
Comments are closed.