رونالڈو اور اُن کی ’پارٹنر‘ کا سعودی عرب میں ساتھ رہنا متنازع کیوں ہو گیا ہے؟
رونالڈو اور جارجینا کا رشتہ اب تقریباً سات برس پرانا ہے
کرسٹیانو رونالڈو کے سعودی عرب کے کلب ’النصر‘ میں شمولیت کے بعد سے آئے روز سوشل میڈیا پر ان کے کبھی سعودی حکام کے ساتھ کھانا کھانے اور کبھی پریکٹس کے کلپس وائرل ہو رہے ہیں۔
رونالڈو نے تاحال سعودی پرو لیگ کلب ’النصر‘ کے لیے دو میچوں کی پابندی کے باعث کوئی میچ تو نہیں کھیلا لیکن اس وقت سوشل میڈیا پر ان کے سعودی عرب میں اپنی لِو اِن پارٹنر کے ساتھ رہنے کے حوالے سے بحث کی جا رہی ہے۔
سعودی عرب میں کسی بھی غیر شادی شدہ جوڑے کا جنسی تعلق قائم کرنا یا اکھٹے رہنا قابل تعزیر جرم ہے اور اس کے حوالے سے سخت سزا کا قانون بھی موجود ہے تاہم سپورٹنگ حلقوں سے وابستہ چند افراد کا دعویٰ ہے کہ رونالڈو کو اپنی پارٹنر جارجینا کے ساتھ سعودی عرب میں رہنے کے لیے ’چھوٹ دیے جانے کا امکان‘ ہے۔
تاحال سعودی حکام، فٹبال کلب ’النصر‘ یا رونالڈو کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
جب رونالڈو نے النصر کلب میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور پھر کلب کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا تو جارجینا ان کے ساتھ اس تقریب میں شریک ہوئی تھیں اور اس دوان انھوں نے عبایا پہن رکھا تھا۔
خیال رہے کہ ایک جانب سعودی کلب میں شمولیت کو عرب دنیا میں فٹبال کے لیے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے وہیں دوسری جانب مبصرین اس کے سیاسی و ثقافتی اثرات پر بھی بحث کر رہے ہیں۔
کچھ تجزیہ کاروں کے خیال میں یہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے اور اسے سعودی عرب ’سپورٹس واشنگ‘ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ملک میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر ے گا۔
گذشتہ چند ماہ کے دوران پرتگالی فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا کریئر مکمل طور پر تبدیل ہوتے اور اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوتے دیکھا ہے۔
ایک سال پہلے تک یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ سے اپنے کریئر کے عروج تک پہنچنے والے رونالڈو اسی کلب کے ساتھ فٹبال کو خیرباد کہیں گے لیکن پھر ان کی کلب کی مینجمینٹ کے ساتھ ایسی ان بن ہوئی کہ انھوں نے اس بارے میں ایک تہلکہ خیز انٹرویو دے کر اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا۔
اس انٹرویو کے بعد کلب نے رونالڈو سے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسی طرح گذشتہ ماہ پرتگال کی قومی ٹیم کے ساتھ ورلڈکپ کے راؤنڈ آف 16 کے ایک میچ میں رونالڈو کو پہلی مرتبہ فرسٹ ٹیم میں شامل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ پرتگال کی ٹیم وہ میچ تو باآسانی جیتنے میں کامیاب ہوئی تاہم کوارٹرفائنل میں اسے مراکش کی ٹیم سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رونالڈو اب 37 برس کے ہو چکے ہیں اور یہ ان کا آخری فٹبال ورلڈکپ تھا۔ مراکش کے خلاف میچ کے اختتام پر رونالڈو کو آبدیدہ ہو کر واپس جاتے دیکھا گیا تھا۔
سعودی قانون کیا ہے اور رونالڈو اور جارجینا کے درمیان تعلق کب شروع ہوا؟
سعودی عرب میں شریعت کا قانون نافذ ہے جو غیر شادی شدہ جوڑے کو ساتھ رہنے کو روکتا ہے۔
عام طور پر جب بھی کوئی مرد اور خاتون کسی ہوٹل میں ٹھہرتا ہے یا کوئی مالک مکان اپنا مکان کسی کو کرائے پر دیتا ہے تو ان سے محرم ہونے کے حوالے سے دستاویزی ثبوت مانگا جاتا ہے جو حکام کو جمع کروایا جاتا ہے۔
اس قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ تاہم اس قانون کی عمل داری میں غیر ملکیوں کے لیے گذشتہ کئی برسوں سے نرمی برتی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2019 میں سعودی عرب کی ویزا پالیسی میں نرمی کی گئی تھی جس کے تحت غیرشادی شدہ غیر ملکی جوڑے بھی ہوٹل کے کمرے حاصل کر سکیں گے جبکہ خواتین کو بھی ہوٹل کے کمروں میں رہنے کی اجازت ہو گی مگر اکیلے۔
اس سے قبل، جوڑوں کو کمرے حاصل کرنے کے لیے شادی شدہ ہونے کے ثبوت فراہم کرنے پڑتے تھے لیکن کیونکہ رونالڈو اور جارجینا کو سعودی عرب میں طویل عرصے کے لیے وقت گزارنا ہو گا، اس لیے ان کی رہائش بحث کا باعث بنی ہوئی تھی۔
اس حوالے سے قانونی ماہرین کا یہی خیال ہے کہ سعودی عرب قانون میں تبدیلی تو نہیں کرے گا لیکن غیر ملکیوں کی جانب سے برتی جانے والی نرمی رونالڈو اور جارجینا پر کے کیس میں بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
رونالڈو اور جارجینا کا رشتہ اب تقریباً سات برس پرانا ہے۔ دونوں سنہ 2016 سے ایک ساتھ ہیں جب رونالڈو ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے ساتھ کھیل رہے تھے۔
جارجینا اور رونالڈو نے تاحال شادی تو نہیں کی تاہم ان کے دو بچے ہیں۔
اس حوالے سے جہاں اکثر افراد یہ پیشگوئی کر رہے ہیں کہ سعودی حکومت رونالڈو کو یہ رعایت دے گی وہیں ایک صارف نے اس حوالے سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پتا چلتا ہے کہ ’قانون اور مذہب صرف غریب کے لیے ہوتا ہے۔‘
اسی طرح کچھ صارفین نے اس حوالے سے سعودی حکام کی ممکنہ رعایت کو خوش آئند بھی قرار دیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی سوال کیا کہ آیا رونالڈو اب جارجینا سے شادی کر لیں گے؟
Comments are closed.