کراچی کے علاقے کورنگی میں تیزاب گردی میں دو لڑکیوں کے زخمی ہونے کا مقدمہ تھانا کورنگی صنعتی ایریا میں درج کرلیا گیا، شبہ ظاہر کیا گیا ہےکہ رشتے سے انکار پر ملزم نے لڑکیوں پر تیزاب پھینکا۔
مقدمہ متاثرہ لڑکیوں کے بھائی کی مدعیت میں ملزم عامر کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں تیزاب گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مدعی کے مطابق اس کی بڑی بہن راحیلہ کے رشتے کی بات عامر کے ساتھ چل رہی تھی لیکن کچھ وجوہات کے باعث بہن کا عامر سے رشتہ طے نہیں ہوپایا۔
مدعی کے مطابق وقوعے کے وقت وہ دونوں بہنوں کو ملازمت سے لے کر آ رہا تھا، موٹر سائیکل کا پیٹرول ختم ہونے پر بہنیں پیدل ہی گھر کی طرف روانہ ہوگئیں۔
متاثرہ لڑکیوں کے بھائی نے مزید کہا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار افراد نے بہنوں پر کچھ پھینکا۔
مدعی محمد وقاص کے مطابق اس کی بہنیں گردن اور گلے پر تیزاب لگنے سے زخمی ہوئی ہیں۔ شبہ ہے کہ رنجش پر عامر نے ساتھیوں سمیت بہنوں پر تیزاب پھینکا۔
Comments are closed.