جمعہ13؍جمادی الثانی 1444ھ6؍جنوری 2023ء

کسی کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرے، سعید غنی

پیپلز پارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو صاف جواب دے دیا۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ کسی کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کرے، ہم حلقہ بندیاں نہیں کرسکتے۔

پی پی سینیٹر وقار مہدی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سعید غنی نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں بھی ہے، اگر کسی کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو چیز ہمارے اختیارات میں نہیں ہم اس پر کیا کہیں؟ اگر کوئی ہم سے کہے کہ حلقہ بندیاں کردیں تو ہم کر نہیں سکتے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق ڈسٹرکٹ لیول پر کام کا جائزہ لیا جارہا ہے، اتوار کو پیپلز پارٹی ریلی نکالے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریلی بلاول ہاؤس چورنگی سے اسٹار گیٹ تک نکالی جائے گی۔

سعید غنی نے کہا کہ ہر یو سی میں انتخابی مہم کےحوالے سے پروگرامز ہورہے ہیں، 7 اضلاع میں عہدیداروں کی ڈیوٹیاں یو سی کی سطح پر لگادی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دو یو سی میں ہمارے امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے، مختلف سیاسی جماعتوں سے ہمارا اتحاد ہے۔

وقار مہدی نے کہا کہ کنٹومنٹ بورڈ کا الیکشن میں ہم نے کامیابی حاصل کی، کراچی اور حیدرآباد میں ہمارا میئر ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.