جمعہ13؍جمادی الثانی 1444ھ6؍جنوری 2023ء

سرفراز احمد کی کس کس کھلاڑی نے تعریف کی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شاندار بیٹنگ کی ملکی و غیر ملکی کھلاڑی تعریف کرنے لگے۔

سرفراز احمد کی دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن شاندار سنچری کی بین الاقوامی کھلاڑی روی چندرن ایشوین نے جبکہ پاکستانی پلیئرز میں اظہر علی، محمد حفیظ، محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان، عماد وسیم، عمر اکمل، شرجیل خان، شاہین شاہ آفریدی اور شاہنواز دھانی نے تعریف کی۔

بھارتی کھلاڑی روی چندرن ایشوین نے کہا کہ سرفرار احمد آپ بہترین کھلاڑی ہیں۔

اظہر علی نے کہا کہ سرفراز بھیا کیا کمال اننگز کھیلی آپ نے، پوری سیریز میں آپ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ سرفراز احمد ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کی خصوصی واپسی پر بہت مبارکباد، آپ کو ملنے والے مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان آپ سے سیکھیں گے کہ وہ زندگی میں مثبت رہیں اور موقع ملنے کے لیے محنت کرتے رہیں۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد بابو، آپ نے بہت زبردست بیٹنگ کی، آپ چیمپئن ہیں اللّٰہ نظر بد سے بچائے۔

فہیم اشرف نے کہا کہ اللّٰہ جب اپنے بندے کو نوازتا ہے، بہترین سرفراز بھائی، بہت عمدہ کھیلے۔

شاداب خان نے سرفراز احمد کو سیفی بھائی کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ آپ کپتان، لیڈر اور لیجنڈ ہیں۔

عمر اکمل نے کہا کہ کم بیک پر سرفراز احمد نے بہترین پرفارمنس دکھائی، بہت مبارک ہو بھائی جبکہ عماد وسیم نے کہا کہ بس یہی ٹوئٹ کرنا چاہتا ہوں "سرفراز احمد”۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بہت اچھا لگا دونوں ٹیموں کی طرف سے دلیرانہ فیصلے کئے گئے، سرفراز بھائی کے لیے خصوصی داد ہونی چاہیے، جنہوں نے سیریز میں پرفارمنس دی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا کم بیک متاثر کن رہا آپ صحیح طور پر مین آف دی سیریز اور مین آف دی میچ کے مستحق تھے۔

شاہنواز دھانی نے کہا کہ سرفراز بھائی کم بیک کے بعد پہلی سنچری بنانے پر بہت مبارک ہو، جب ٹیم کو آپ کی ضرورت تھی تو آپ نے ٹیم کو صحیح وقت پر سنبھالا، آپ کا صبر، جذبہ اور کامیابی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔

شرجیل خان نے کہا کہ سیفی بھائی ماشاء اللّٰہ نام ہی کافی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.