جمعرات 12؍جمادی الثانی 1444ھ5؍جنوری 2023ء

عمران خان دو نمبر آدمی ہے، انہیں کوئی گولی نہیں لگی، ڈرامہ کر رہا ہے، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان دو نمبر آدمی ہے، انہیں کوئی گولی نہیں لگی، ڈرامہ کر رہے ہیں، گولی لگی اور فریکچر نہ ہو تو دو ہفتے میں بندہ ٹھیک ہو جاتا ہے، عمران خان آج بھی زخمی ہونے کا ڈرامہ کر رہا ہے، معظم کو فائر عمران خان کے گارڈ کا لگا ہے۔

اسلام آباد میں مفتی عبدالشکور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان پچھلے ڈیڑھ دو ماہ سے ڈرامہ کر رہا ہے، اگر ان کی ٹانگ پر صحیح فائر بھی لگا ہوتا تو زخم ٹھیک ہونے کا وقت دو ہفتے سے زیادہ نہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ متنازع شخص غلام ڈوگر کو جے آئی ٹی کا سربراہ بنایا،  ملزم نوید کے علاوہ کوئی دوسرا تیسرا ملزم نہیں، ملزم نوید کا بیان 100 فیصد درست ہے، جتنی مرضی تحقیق کرلیں، جتنی مرضی جے آئی ٹی بنالیں، نہ دوسرا ملزم ڈال سکتے ہیں نہ تیسرا،  یہ سنگل فائرنگ کا واقعہ ہے اور ملزم نوید مذہبی طور پر متاثر تھا، معظم کو فائر عمران خان کے گارڈ کا لگا ہے، گارڈ کو گرفتار ہونا چاہیے، اس سے تفتیش ہونی چاہیے، پوسٹمارٹم رپورٹ پڑھ لیں، معظم کو لگنے والی گولی ان کے گارڈ کی ہے۔

رانا ثناء نے کہا کہ ایک فراڈیا کہتا ہے کپڑوں سے چار گولیاں برآمد ہوئی ہیں، گولیاں کیا ٹافیاں تھیں جو کپڑوں سے برآمد ہوئی ہیں، 7، 8 فائر ہوئے ہیں اور انہیں 30 سے 35 گولیاں لگی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ توشہ خانہ کے حوالے سے عمران خان کا انتہائی گھٹیا کردار ہے، عمران خان نے سارا توشہ خانہ لے کر بیچ ڈالا، مخالفین کے خلاف مہم چلائی، جھوٹے مقدمات بنائے، ایسی پالیسی بنائی جس سے ملک معاشی نقصان میں گیا، ملک کے ڈیفالٹ کی مہم چلائی ہوئی ہے، دو ماہ سے مہم چلا رہا ہے، اس فتنے کا عوام کو ووٹ کی طاقت سے سدباب کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ دو افراد کے نام ہے، ایک خود ہیں دوسری ان کی اہلیہ ہیں، جو پیسہ پاکستان کے اکاؤنٹ میں آنا تھا وہ القادر ٹرسٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل کروا دیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے اثرات اچھے نہیں ہوئے، مذاکرات افغانستان کی حکومت کے ساتھ ہونا چاہئیں، افغان حکومت سے کہا جائے گا کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے کا وعدہ پورا کریں، کسی دہشتگرد اور دہشتگرد تنظیم سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.