سانحۂ وزیر آباد کے مبینہ ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ وزیر آباد واقعہ پلانٹڈ تھا، جو لانگ مارچ میں جان ڈالنے، اسے دوبارہ زندہ کرنے کے لیے خود کیا گیا۔
لاہور میں سانحۂ وزیر آباد کے مبینہ ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی خواہش پر جے آئی ٹی تبدیل کی جاتی ہے جو انہیں پسند نہیں آتی، کیس کی ضمنیوں کو ٹوئسٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
’’ہم تسلیم ہی نہیں کرتے کہ عمران خان کو کوئی زخم آیا ہے‘‘
میاں داؤد ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ عدالت اس لیے نہیں جا رہے کیونکہ وقوعہ ان کا اپنا بنایا ہوا ہے، ہم تو تسلیم ہی نہیں کرتے کہ عمران خان کو کوئی زخم آیا ہے، یہ لوگ جھوٹ بولنے میں تیز ہیں، یہ عوام کی توجہ اپنے ڈرامے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی موقع کے ثبوت کو تحقیقات کا حصہ نہیں بنا رہی، جے آئی ٹی اور عمران خان نے ملی بھگت کر کے کیس خراب کیا، ملزم کا مزید ریمانڈ دینے کی کوئی ضرورت نہیں، سخت سردی میں ماں کو سامنے بٹھا کر ملزم کا مرضی کا بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
’’معظم کا قتل ملزم نوید پر نہیں ڈالا جا سکتا‘‘
ملزم نوید کے وکیل نے کہا کہ معظم کا قتل ملزم نوید پر نہیں ڈالا جا سکتا، ہم معظم گوندل کے قتل کا استغاثہ عمران خان اور ان کے گارڈ کےخلاف کروانے پر غور کر رہے ہیں، آپ نے 30 دن تک ایف آئی آر کیوں لیٹ کی؟ آپ کل سے دوسرے اور تیسرے شوٹر کی باتیں کر رہے ہیں، عمران خان کے گارڈ کے اسلحے سے معظم قتل ہوا، عمران خان کے گارڈ کا اسلحہ فرانزک کے لیے دیا ہی نہیں گیا۔
انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کی ٹیم کی میڈیکل رپورٹ کی کوئی حیثیت نہیں، یہ اپنا کیس قانون کے مطابق کیوں درج نہیں کروانا چاہتے؟ ہم نے کچھ ویڈیوز کیس کا حصہ بنا رکھی ہیں، جنہیں عدالت میں پیش کریں گے، بندہ گرفتار ہو گیا، اسلحہ برآمد کر لیا، آپ نے اس پر قتل ڈال دیا۔
’’فواد چوہدری نے پہلے مجھے TLP کا، کل ن لیگ کا کارکن بنا دیا‘‘
میاں داؤد ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں صحافت مکمل طور پر چھوڑ چکا ہوں صرف وکالت کرتا ہوں، فواد چوہدری نے پہلے مجھے تحریکِ لبیک کا کارکن بنایا، کل ن لیگ کا کارکن بنا دیا، واقعے کے بنیادی حقائق اور معلومات کو ضائع کیا گیا، جے آئی ٹی آج بھی صحیح تفتیش کرے تو معاملہ حل ہو سکتا ہے، عمران خان کے لانگ مارچ کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے ڈرامہ کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلے فائر کے بعد دوسرےفائر کی آواز عمران خان کے کنٹینر سے آئی، ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ ملزم نوید فائر کی کوشش کرتا ہے تو پی ٹی آئی کارکن اسے پکڑ لیتا ہے، ملزم نوید کے بھاگنے کے بعد پیچھے سے فائر ہوا، پھر معظم کو گرتے دیکھا گیا۔
’’عمران پر معظم کے قتل کا مقدمہ نہ بنے اس لیے JIT نے حقائق بدلے‘‘
چیئرمین پی ٹی آئی پر حملے کے ملزم نوید کے وکیل نے کہا کہ عمران خان پر معظم کے قتل کا مقدمہ نہ بنے اس لیے جے آئی ٹی نے حقائق بدلے، جے آئی ٹی سارے ثبوت جمع کر کے عدالت میں پیش کرے، عمران خان کی خواہش پر جے آئی ٹی تبدیل کی جاتی ہے، کیس خراب کیا گیا۔
میاں داؤد ایڈووکیٹ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی والے قانون کے مطابق کیس کیوں نہیں چلانا چاہتے؟ جےآئی ٹی نے وقوعے پر موجود پولیس اہلکاروں کے بیانات غائب کرنے کی کوشش کی، ہم موجودہ جے آئی ٹی کو نہیں مانتے، تفتیش میرٹ پر نہیں کی جا رہی، پی ٹی آئی والے مجھے کہیں، میں ان کی ایف آئی آر درج کراتا ہوں۔
Comments are closed.