امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آج شام 4 بجے سی ایم ہاؤس پر دھرنا دیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں کہہ رہیں کہ ووٹر لسٹیں درست نہیں، ہم نے بھی اس بارے میں بات کی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آخری مردم شماری کی ذمے داری ن لیگ کی تھی جو غلط ہوئی، سندھ حکومت نے اختلافی نوٹ لکھا تھا، اس کےعلاوہ کچھ نہیں کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ پولیس ہماری ہے اور ہمارے نظام کا حصہ ہے، افسوس یہ اسٹریٹ کرائم روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا کہ پولیس میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں ختم کریں، کراچی کے نوجوانوں کو نوکریاں نہیں ملتیں، اسٹریٹ کرائم روکنے کے لیے رینجرز کو اختیارات دیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن یہ آئی جی کا کام ہے کہ بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں، پولیس کے نظام کو بہتر کریں، دنیا بھر میں یہ قاعدہ ہے کہ مقامی لوگ پولیس میں ہوں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم اور منشیات دو اہم مسئلے ہیں، جب کوئی جوان شہید ہوتاہے تو ہمیں تکلیف ہوتی ہے، پھر ہم یہ سوال کرتے ہیں کہ رینجرز اور پولیس کیا کر رہی ہیں؟ رینجرز کو مکمل اختیار ملنا چاہیے۔
جماعتِ اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ منشیات کے اڈے پولیس کے تعاون کے بغیر نہیں چل سکتے۔
Comments are closed.