وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کیپیٹل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی اسپیشل جے آئی ٹی کے بیرونِ ملک جانے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
جاری کیے گئے بیان میں کیپیٹل پولیس کے ترجمان کی جانب سے یہ بات کہی گئی ہے۔
ترجمان کیپیٹل پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اسپیشل جے آئی ٹی کے لیے فنڈز کی منظوری کے بعد اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
کیپیٹل پولیس کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسپیشل جے آئی ٹی ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے کینین حکام سے رابطے میں ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل پر از خود نوٹس لیا تھا۔
ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے گزشتہ ماہ (دسمبر میں) نئی اسپیشل جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی گئی تھی۔
پاکستانی صحافی ارشد شریف کو کینیا میں 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
کینیا پولیس کی جانب سے ارشد شریف کی موت کو شناخت کی غلطی قرار دے کر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران پر مشتمل ٹیم ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے 28 اکتوبر کو کینیا گئی تھی۔
یہ ٹیم تحقیقات مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آ گئی تھی جس کے بعد اس نے اپنی تحقیقات کی رپورٹ بھی حکام کو پیش کی تھی۔
Comments are closed.