منگل10؍جمادی الثانی 1444ھ3؍جنوری2023ء

ٹوکیو چھوڑ کر دیگر شہروں میں آباد ہونے والوں کو فی بچہ 10 لاکھ ین کی پیشکش

جاپان کی حکومت ٹوکیو کے شہریوں کو دارالحکومت سے باہر رہائش اختیار کرنے پر فی بچہ 10 لاکھ ین (ساڑھے 7 ہزار ڈالر) کی پیشکش کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ترغیب اس لئے دی جا رہی ہے تاکہ ٹوکیو سے آبادی کا بوجھ کم کیا جائے اور جاپان کے غیر آباد شہروں اور قصبوں کو آباد کیا جائے۔

رواں برس اپریل میں اسکیم کی رقم بڑھا کر 3 لاکھ ین سے 10 لاکھ ین کر دی جائے گی۔

پالیسی ساز چاہتے ہیں کہ عوام کو چھوٹے شہروں میں رہائش کی ترغیب دی جائے، جہاں سے نوجوان افراد ٹوکیو، اوساکا اور دیگر بڑے شہر چلے جاتے ہیں۔

یہ اعلان کردہ رقم ٹوکیو کے 23 مخصوص علاقوں میں رہنے والے افراد کو دوسرے شہر منتقل ہونے کی صورت میں دی جائے گی۔

شہریوں کو دوسرے شہر میں 5 سال گزارنا ہوں گے، گھر کے کسی ایک فرد کو نیا کاروبار شروع کرنا ہوگا یا موجودہ ملازمت ہی جاری رکھنا ہوگی۔

5 سال سے پہلے ٹوکیو واپس آنے والے شہریوں کو حکومتی رقم واپس کرنا ہوگی۔

اس منصوبے کی مد میں خرچ ہونے والی رقم کا نصف فیصد مرکزی حکومت ادا کرے گی جبکہ دیگر نصف میونسپلٹیز ادا کریں گی۔

یہ منصوبہ 3 سال پہلے شروع کیا گیا تھا، 2019 میں صرف 71 خاندان ٹوکیو چھوڑنے پر راضی ہوئے، 2020 میں 290 فیملیز نے دارالحکومت چھوڑا جبکہ 2021 میں یہ تعداد 1 ہزار 184 تھی۔

حکومت نے اندازہ لگایا ہے کہ 2027 تک 10 ہزار افراد ٹوکیو سے باہر دیہی علاقوں میں منتقل ہوجائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.