جمعرات 20؍جمادی الاول 1444ھ 15؍دسمبر 2022ء

ورلڈ کپ فائنل میں لیونل میسی کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرینگے، کوچ فرانس

دفاعی چیمپئن فرانس ٹیم کے کوچ نے کہا ہے کہ فائنل میں ارجنٹینا کے لیونل میسی کا مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گے جو کہ اس وقت شاندار فارم میں ہیں۔

فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مراکش کو شکست دینے کے بعد فرانس کے کوچ ڈی ڈیئر ڈے شوم (Didier Deschamps) نے کہا کہ ایک اور فائنل میں پہنچنے پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔

فرانس ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ہماری ٹیم ارجنٹینا کے لیے بہت ہی شاندار فارم میں موجود لیونل میسی کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرے گی۔

کوچ ڈی ڈیئر ڈے شوم نے کہا کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی لیونل میسی شاندار فارم میں ہے، 4 سال پہلے چیزیں مختلف تھیں جب لیونل میسی سینٹر فارورڈ کے طور پر کھیلتے تھے۔

فرانس ٹیم کے کوچ نے کہا کہ لیونل میسی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے لہٰذا ہم میسی کے خطرے کا مقابلہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کریں گے بالکل اسی طرح جیسے ارجنٹینا میرے کچھ کھلاڑیوں کو روکنے کی کوشش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ فائنل میں پہنچنا بہت ہی زبردست ہے تاہم سیمی فائنل میں جیت آسان نہیں تھی۔

کوچ ڈی ڈیئر ڈے شوم کا کہنا تھا کہ ہمیں معیار، تجربہ اور ٹیم اسپرٹ کے مجموعے کی ضرورت تھی، میں اپنے کھلاڑیوں سے مطمئن اور ان پر فخر کرتا ہوں۔

فرانس کے ہاتھوں میگا ایونٹ کے اہم میچ میں شکست کے باوجود مراکش کے کھلاڑیوں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے گراؤنڈ میں سجدے کیے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا فائنل اتوار کو فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں لیونل میسی کی ارجنٹینا نے کروشیا کو 3 صفر سے شکست دے تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2 صفر سے ہرایا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.