بھارت میں کتے کے مالک ہونے کا فیصلہ ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہوا، جس کے تحت اصل مالک ایک صحافی نکلا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لیبریڈر نسل کے ایک 3 سالہ کتے کی ملکیت پر 4 ماہ سے چل رہے تنازع کا فیصلہ سامنے آگیا۔
مذکورہ معاملے میں ڈی این اے کی رپورٹ میں بات واضح ہوگئی کہ اس کتے کا اصل مالک ایک صحافی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے ’کوکو‘ کو اس کے مالک شاداب خان کے حوالے کردیا۔
بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع ہوشنگاباد کے اس کتے کے مالک نے دیہات پولیس تھانے میں درخواست جمع کروائی تھی اور الزام عائد کیا کہ کروتک شوہارے نامی ایک سیاسی شخصیت نے ان کا کتا غلطی سے اپنے قبضے میں لے رکھا ہے۔
ان کی درخواست پر پولیس اسٹیشن کے ایک حوالدار اس بااثر شخص کے گھر پہنچے اور کتا کے خریدنے کے سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کے بعد اسے شاداب خان کے حوالے کردیا۔
بعد ازاں کروتک شوہارے تھانے پہنچ گئے اور کہا کہ انھوں نے یہ کتا گزشتہ برس اگست کے مہینے میں خریدا تھا، جسے پولیس غلطی سے اٹھا لائی ہے۔
تاہم شاداب خان کی تجویز پر پولیس نے کتے کا ڈی این اے ٹیسٹ کروانے پر رضامندی کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں یہ بات ثابت ہوئی کہ شاداب خان ہی اس کے اصل مالک ہیں۔
Comments are closed.