چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اسمبلیوں کی تحلیل اور استعفوں کے معاملے پر مشاورتی عمل آج بھی جاری رکھا۔
زمان پارک لاہور میں عمران خان نے پی ٹی آئی کی ڈویژنل سطح کی قیادت سے ملاقات کی اور اہم امور پر مشورے کیے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی موجود تھے۔
پی ٹی آئی کے اجلاس میں وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد، آصف نکئی، سردار طالب نکئی، بریگیڈیئر (ر) راحت امان، سید علی عباس شاہ، سردار عامر ڈوگر اور خرم چٹھہ نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان نے پارٹی عہدیداران سے اسمبلیوں کی تحلیل اور استعفوں کے معاملے پر مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی نے عمران خان کو اس معاملے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ارکان نے اس دوران کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل شفاف اور جلد انتخابات ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل بڑا سیاسی فیصلہ ہے، اس فیصلے پر ایسے عمل کیا جائے کہ موثر نتائج سامنے آئیں۔
عمران خان نے اس موقع پر پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریاں شروع کردیں، پارٹی تنظیم کو عام انتخابات سے قبل متحرک کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا کیونکہ حکومت معیشت اور ملک سنبھالنے میں مکمل ناکام ثابت ہوچکی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے ارکان اسمبلی کو آئندہ عام انتخابات کے روڈ میپ اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
Comments are closed.