پشاور میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے کارکنوں اور صوبائی وزیر اقبال وزیر میں تلخ کلامی کے واقعے پر پیشرفت ہوئی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں صدر آئی ایس ایف خیبرپختونخوا علامہ اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے انکوائری کےلیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف باتیں کرنے پر صوبائی وزیر سے کارکنوں کی تلخ کلامی ہوئی تھی۔
علامہ اقبال نے مزید کہا کہ آئی ایس ایف نے واقعے کے خلاف آج احتجاج کی کال دی اور مطالبہ کیا کہ متعلقہ وزیر کو حکومتی اور پارٹی کابینہ سے ہٹایا جائے۔
صدر آئی ایس ایف خیبرپختونخوا نے یہ بھی کہا کہ ہماری اپنی پارٹی میں کچھ لیڈرز اور صوبائی وزرا کی کرپشن سے متعلق ایسی کہانیاں ہیں جس کے خلاف ہم نے نکلنا ہے۔
گزشتہ روز انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور صوبائی وزیر اقبال وزیر کے مابین تلخ کلامی کا واقعہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد آج آئی ایس ایف نے احتجاج کی کال دی تھی۔
تاہم احتجاج سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور آئی ایس ایف کے مابین کامیاب مذاکرات ہوئے اور محمود خان نے معاملہ کی انکوائری کے لئے 5 رکنی کمیٹی قائم کی۔
کمیٹی میں پی ٹی آئی رہنماء علی امین گنڈاپور، مراد سعید، مینہ خان، کامران بنگش اور بیرسٹر محمد علی سیف شامل ہیں، کمیٹی 6 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
Comments are closed.