منگل 11؍جمادی الاول 1444ھ 6؍دسمبر 2022ء

ایم کیوایم پاکستان کےوفدکی گورنرسندھ سےملاقات کی اندرونی کہانی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی جانب سے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے پر ایک بار پھر شکایت کر دی ہے۔

کامران ٹیسوری سے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم وفد نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وفاقی حکومت کے اہم اتحادی ہیں، پیپلزپارٹی معاہدے کے مطابق آرٹیکل 140 اے پر عملدر آمد نہیں کر رہی، بلدیاتی حلقہ بندیاں درست کرنے کا عمل بھی تعطل کا شکار ہے۔

ایم کیوایم وفد نے گورنر سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ایم کیو ایم کے تحفظات وفاق تک پہنچائیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کے تحفظات پیپلز پارٹی، وفاق تک پہچانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

واضح رہے کہ آج گورنر سندھ سے ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی تھی۔

ملاقات کے دوران سندھ کی ترقی میں وفاق کے تعاون اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اولین ترجیح ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر خالد مقبول کا کہنا ہے کہ سندھ کی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں کا نظریہ خوش آئند ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.