بھارتی کرکٹ ٹیم کو بنگلادیش کے خلاف پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلو اوور ریٹ پر بھارتی ٹیم کو میچ فیس کا 80 فیصد جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی ) کے میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل میں شامل رنجن مدوگالے نے مقررہ وقت میں 4 اوورز کم کرانے پر بھارتی ٹیم پر میچ فیس کا 80 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل کا آرٹیکل 2.22 سلو اوور ریٹ سے متعلق ہے، جس کے مطابق کھلاڑیوں کو مقررہ وقت میں ہر اوور کم کرانے پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے بھارت کو 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔
میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم 41 اعشاریہ 2 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، بنگلادیش نے ہدف 46 ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔
میزبان ٹیم کے 136 کے اسکور پر 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئےتھے،اسے وقت میں جیت بنگال ٹائیگر کا مقدر بن گئی، ہوا کچھ یوں کہ مہدی حسن کا ساتھ دینے کے لیے تجربہ کار بولر مستفیض الرحمٰن آگئے۔
دونوں کھلاڑیوں نے آخری 40 گیندوں پر بھارتی بولنگ کی خوب مزاحمت کی اور 50 رنز بٹورے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔
بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.