پیر10؍جمادی اوّل 1444ھ5؍دسمبر2022ء

لانڈھی میں کمسن بچی کے ساتھ زیادتی و قتل کیس کے ملزم کی شناخت ہوگئی

کراچی کے علاقے لانڈھی میں کمسن بچی کے اغوا، زیادتی، تشدد اور قتل کیس میں ملزم کی شناخت ہوگئی تاہم اسے تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت اس کے بھائی اور بیٹے کے ڈی این اے سیمپلز سے ہوئی، مجموعی طور پر 100 سے زائد افراد کے ڈی این اے نمونے بھیجے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے آئی جی سے تفصیلی رپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ درندگی کرنے والے مجرم کو سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم کی شناخت ریاض عرف کاکا منے سے ہوئی۔

مرکزی ملزم کا ڈی این اے مفروری کے باعث حاصل نہیں کیا جاسکا، ملزم کے بھائی اور بیٹے کا ڈی این اے لے کر مقتول بچی کے نمونے سے موازنہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی کی لیب نے جدید سائنسی خطوط پر کام کیا اور دو دن میں نتیجہ میچ کرکے دیا۔

تفتیشی پولیس نے نہ صرف نتیجہ چھپایا بلکہ تا حال ملزم  کو بھی گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں تین روز قبل لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش خالی پلاٹ سے ملی تھی، بچی سے زیادتی اور تشدد کی تصدیق ہوئی ہے۔

بچی کے والدین کا کہنا تھا کہ وہ دو روز تک تھانے جاتے رہے مگر نہ مقدمہ درج ہوا، نہ ہی پولیس نے کوئی مدد کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.