فنی خرابی کی وجہ سے کراچی میں اتاری گئی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی اسلام آباد سے جدہ کی پرواز 10 گھنٹے بعد آج صبح کراچی سے منزل کی طرف روانہ ہو گئی۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کے انجینئرز نے طیارے کی فنی خرابی دور کی، اسلام آباد سے جدہ کے مسافروں کو اسی طیارے میں کراچی سے روانہ کیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے روانہ ہونے کے ایک گھنٹے بعد پرواز پی کے 741 میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔
طیارہ اس وقت پاکستان کی فضائی حدود میں قلات کے قریب پرواز کر رہا تھا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پائلٹ نے بوئنگ 777 طیارے کو گزشتہ رات 8 بجے کراچی ایئر پورٹ پر اتار لیا تھا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مسافروں کو کراچی ایئر پورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کر کے طیارے کا معائنہ کیا گیا۔
طیارے کی فنی خرابی آج صبح دور ہو سکی جس کے بعد اسی طیارے کو جدہ روانہ کر دیا گیا، اس دوران مسافر رات بھر سعودی عرب روانگی کے لاؤنج میں منتظر رہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 741 صبح 6 بج کر 53 منٹ پر کراچی سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی ہے۔
Comments are closed.