جمعہ7؍جمادی الاول 1444ھ 2؍دسمبر 2022ء

پیپلز پارٹی کو کوئی بھی ختم نہیں کر سکتا: شیری رحمٰن

پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی عوام میں جڑیں اتنی گہری ہیں کہ کوئی بھی اسے ختم نہیں کر سکتا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم تاسیسں کے موقع پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ پارٹی قائدین، کارکنان اور چاہنے والوں کو پارٹی کا 55ویں یوم تاسیس مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور تمام شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہوں، ذوالفقار علی بھٹو نے ساتھیوں سمیت جس پارٹی کی بنیاد رکھی وہ ملک کی بقا کی علامت بن گئی ہے۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 55 سال اور تین نسلوں کی داستان ہے، کوئی چند سالوں کی بات نہیں، پارٹی 55 سال بعد ایک جماعت نہیں بلکہ ایک مضبوط نظریہ بن چکی ہے۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے مزید کہا کہ شہید بھٹو کا آئین ہی تمام اکائیوں اور 22 کروڑ عوام کے بیچ ایک سماجی معاہدہ ہے، شہید بھٹو کے آئین ہی نے سب کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے، ماضی میں پیپلز پارٹی کو ختم کرنی کی ایک بار نہیں، کئی بار سازشیں کی گئیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے نشتر پارک کا دورہ کرکے جلسے گاہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی زیرِ قیادت شہید بھٹو اور شہید بی بی کے مشن پر عمل پیرا ہے، ہم سب اس مشن کے حصول میں چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ آج نشتر پارک کراچی میں ہو گا، جلسے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.