منگل26؍ربیع الثانی 1444ھ22؍نومبر2022ء

خوشدل شاہ کو فیفا ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب بھا گئی

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خوشدل شاہ کو بھی فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب بھا گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں خوشدل شاہ نے قطر کی حکومت اور امیر قطر شیخ تمیم بن حامد کو شاندار افتتاحی تقریب پر مبارک باد دی۔

خوشدل شاہ نے کہا کہ ماشاء اللّٰہ تقریب میں ہماری اسلامی تاریخ کا یادگار لمحہ دیکھا گیا، دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ میں قرآن پاک کی تلاوت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ زندگی میں بہت افتتاحی تقریبات دیکھی ہیں، لیکن جس شاندار انداز میں فیفا ورلڈ کپ کا آغاز ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی نے سوشل میڈیا پر فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کا ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے۔

میگا ایونٹ کے 64 میچز قطر کے 5 شہروں کے 8 اسٹیڈیمز میں ہوں گے جہاں دفاعی چیمپئن فرانس ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں قطر میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے اور یہ اب تک اس ایونٹ کے لیے 200 ارب ڈالر سے زائد کی خطیر رقم خرچ کر چکا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطی کا کوئی ملک فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کر رہا ہے اور پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد موسم سرما میں ہو رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.