جمعرات21؍ربیع الثانی 1444ھ17؍نومبر 2022ء

سندھ کی شاہراہیں ملک بھر کی شاہراہوں سے خراب کیوں؟

سندھ کی شاہراہیں ملک بھر کی شاہراہوں سے خراب کیوں ہوتی ہیں؟ موٹر وے کیوں سب سے آخر میں بنتی ہے؟ آخر میں بننے کے باوجود موٹر وے کی تعمیر میں کیسی کیسی رکاوٹیں پیش آسکتی ہیں۔ اس کا تھوڑا سا اندازہ اس خبر سے ہوگا کہ سکھر حیدرآباد موٹر وے کی جو زمین خریدنے کیلئے مختص رقم میں سے سوا دو ارب روپے خود اس ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے نکال لیے جو اس رقم کے درست استعمال کے ذمے دار تھے۔

جیو نیوز کے نمائندے حامد شیخ کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی وے نے موٹر وے کے مٹیاری سیکشن کے 70 کلو میٹر کے ٹکڑے کی راہ میں آنے والی زمین کی خریداری کیلئے ساڑھے چار ارب روپے سے زیادہ رقم 2020 میں ضلعی انتظامیہ کو فراہم کی۔ اب تک مٹیاری میں موٹر وے کیلئے زمین تو کوئی نہیں خریدی گئی لیکن پچھلے مہینے اسسٹنٹ کمشنر اور لینڈ ایکوزیشن آفیسر منصور علی عباسی نے 390 چیکوں کے ذریعے سندھ بنی میں رکھے ساڑھے چار ارب روپے سے زائد رقم میں سے سوا دو ارب روپے سے زائد رقم نکال لی۔

کرپشن کے الزام میں اسسٹنٹ کمشنر نیو سعید آباد منصور عباسی کو معطل کردیا گیا۔

بظاہر یہ رقم حاصل کی گئی زمینوں کی ادائیگی کیلئے تھی لیکن یہ چیک کسی کے نام پر نہیں تھے، "اوپن چیک” تھے۔ جو رقم نکالی گئی اس میں ساڑھے چار ارب روپے سے زائد کی رقم پر 2020 سے لگا 54 کروڑ روپے سے زائد کا سود بھی شامل تھا۔

 لینڈ ایکوزیشن افسر نے جو رقم قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے "اوپن چیک” کے ذریعے نکلوائی اس کا کسی کیش بک میں اندراج نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین کارروائی میں محکمہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرکے ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان رشید کو گرفتار کرلیا جو اسسٹنٹ کمشنر منصور علی عباسی کے سپروائزنگ افسر تھے۔

منصور علی عباسی فرار ہوچکے ہیں، سندھ بینک کی مٹیاری شاخ کے اسسٹنٹ منیجر تابش شاہ کا نام بھی ایف آئی آر میں شامل ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.