چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر بحث غیر ضروری ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس ہے تعیناتی پر غیر ضروری سیاست کی جا رہی ہے، ہمارے کسی اتحادی یا کسی کو بھی جلسوں میں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس تعیناتی کے عمل کو آئین اور قانون کے مطابق مکمل ہونا چاہیے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خان صاحب کی سیاست شروع دن سے آج تک اس ایک تعیناتی کے گرد گھوم رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی بیان بازی پر نہیں خدمت پر یقین رکھتے ہیں، سب کی ترجیح ملک اور اس کی خدمت ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت سارے مسائل سے گزر رہا ہے، کورونا، یوکرین روس جنگ اور موسمی تبدیلیاں ہمیں متاثر کر رہی ہیں، سیلاب کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ پاکستانی متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے اثرات معیشت اور بجٹ پر بھی ہیں، آج تک ہم معیشت کے اثرات کو بھگت رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ سندھ میں جگر کے علاج کی سہولت مفت دی جا رہی ہے، ہمارا تو مقصد ہی یہی ہے کہ عوام کو مفت سہولتیں فراہم کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جگر کے علاج کے لیے لوگوں کو باہر جانا پڑتا تھا، علاج بہت مہنگا ہے، غریب عوام یہ علاج نہیں کروا سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جگر کی پیوندکاری کے لیے سندھ حکومت نے فنانسنگ کا بندوبست کیا، ہر ضلع میں دل کے علاج کے لیے سہولت موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشااللّٰہ اسپتال کی سہولتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا، ہماری کوشش ہوگی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دیں۔
Comments are closed.