اتوار17؍ربیع الثانی 1444ھ 13؍نومبر 2022ء

گجرات: لانگ مارچ کی سیکیورٹی کیلئے بھاری پولیس نفری تعینات

پنجاب کے شہر گجرات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

گجرات میں اندرونِ شہر جی ٹی روڈ پر راستوں کو بند کیا جا رہا ہے۔

رام تلائی چوک اور جی ٹی ایس چوک کی طرف جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

اندرونِ شہر دکانیں اور پیٹرول اسٹیشن بند ہیں، لانگ مارچ کے روٹ پر تعلیمی ادارے بھی آج بند ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے اسلام آباد کے لیے لبرٹی چوک لاہور سے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی و پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کا جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ گزشتہ روز حقیقی لانگ مارچ کا وزیر آباد سے دوبارہ آغاز ہو گیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ عوام نے خوف کے تمام بت توڑتے ہوئے ایک بار پھر مارچ میں بھرپور شرکت کی ہے۔

مسرت جمشید چیمہ نے یہ بھی کہا ہے کہ آج گجرات کا حقیقی آزادی مارچ غاصب حکمرانوں کے خلاف عوام کا پیغام ہو گا۔

واضح رہے کہ 28 اکتوبر کو پاکستان تحریکِ انصاف نے اسلام آباد کے لیے لبرٹی چوک لاہور سے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا۔

3 نومبر کو لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد اس لانگ مارچ کو روک دیا گیا تھا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے 6 ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں 1 شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص نوید کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.