جمعرات14؍ربیع الثانی 1444ھ10؍نومبر 2022ء

ارشد شریف کو وقار اور خرم نے غالباً پولیس کو ساتھ ملا کر قتل کروایا، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کا قتل ٹارگٹڈ مرڈر کیس ہے، وقار اور خرم نے غالباً پولیس کو ساتھ ملا کر قتل کروایا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ارشد شریف کا جس جگہ قتل ہوا وہاں ناکہ نہیں لگا ہوا تھا، اس روز اس مقام سے پورے دن میں صرف 3 گاڑیاں گزریں، وقار اور خرم اس واقعے سے علیحدہ نہیں۔

ڈاکٹر خالد مسعود نے کہا کہ ہمیں کینیا کی طرف سے ارشد شریف کا کیا جانے والا پوسٹ مارٹم ملا نہیں ہے، اگر وہ مل جاتا تو پھر بات کلیئر ہوجاتی، پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ ہم نے پولیس کو دی ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وقار اور خرم اپنے فون کا ڈیٹا دینے سے انکاری ہیں، کینیا کی پولیس واقعے کی انویسٹی گیشن سے انکاری ہے، وقار اور خرم کی پولیس سے ملی بھگت سامنے آتی ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کینیا کے صدر کو درخواست کریں کہ انویسٹی گیشن کرواکے دیں، معلوم کروارہے ہیں ارشد شریف کو دبئی سے کینیا ہی کیوں بھجوایا گیا۔

رانا ثناء نے کہا کہ خرم اور وقار کو ارشد شریف نہیں جانتے تھے، ارشد شریف کے حادثے کی خبر چلانا خرم، وقار، کینین پولیس کی ملی بھگت تھی، وقار اور خرم اب براہ راست بات نہیں کر رہے اور کہہ دیا ہے ان کا وکیل بات کرے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.