جمعرات14؍ربیع الثانی 1444ھ10؍نومبر 2022ء

حکومت کا سودی بینکاری پر شرعی عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست واپس لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سود سے متعلق وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں دائر اپیلیں واپس لینے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے م طابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ملک میں اسلامی بینکنگ کے نظام کو آگے بڑھا رہے ہیں، ہماری کوشش ہوگی تیزی سے اسے نافذ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت نے گزشتہ دنوں سودی نظام کے خلاف فیصلہ دیا ہے، قرآن و سنت کا بھی یہی حکم ہے، اس فیصلے کیخلاف اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک نے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی، گورنر اسٹیٹ بینک سے خصوصی مشاورت کی گئی، ہمارے نزدیک فیصلہ کرنے کا معیار قران و سنت ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیلیں واپس لے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے حکومت اہم اقدامات کررہی ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ حکومت پوری کوشش کرے گی کہ ملک میں اسلامی نظام کو نافذ کرے، اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم ملک میں سود سے پاک اسلامی نظام کو نافذ کرسکیں۔اس میں چیلنجز ہیں۔75 سال سے جاری بینکاری نظام کو یک دم تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن حکومت نے اپنی حد تک کی گئی اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.